صنعاء،5اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا): یمن کی سرکاری فوج نے حوثی باغیوں کی جانب سے دھماکہ خیز مواد، راکٹ اور دیگر اسلحہ عبوری صدر مقام عدن اسمگل کرنے کی خطرناک سازش ناکام بنا دی ہے۔یمن کیایک عسکری ذریعے نے بتایا کہ آرٹلری بریگیڈ 83کے کیپٹن صادق جلال نے قعطبہ ڈاریکٹوریٹ میں نجد الریمان کے مقام پر ایک چیک پوسٹ سے گذرنے والا ٹرک پکڑا ہے جس میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود عدن اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ٹرک پر آر پی جی راکٹ بھی لادے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عدن کی طرف جانے والا یہ ٹرک صنعاء میں باغیوں کے زیر تسلط علاقے سے آیا تھا۔ٹرک ڈرائیورنے بتایا کہ یمنی باغیوں نے ٹرک پر یہ دھماکہ خیز مواد اور راکٹ لادے۔ مگر وہ چیک پوسٹ پر پہنچنے سے پہلے ہی ٹرک سے اتر گئے تھے۔خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب یمنی باغیوں نے حکومتی زیرکنٹرول علاقوں میں اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ ماضی میں بھی یمنی فوج اور حکومتی شخصیات کو حملوں کا نشانہ بنانے کے لیے باغیوں تک اسلحہ پہنچانے کی سازشیں کرتے رہے ہیں۔